وفاقی دارالحکومت کے سرکاری سکولوں کے معیار کو دیکھ کر انتہائی خوشی ہوئی، دنیا کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمیں پورے ملک میں اسی رفتار سے کام کرنا ہو گا، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان

94

اسلام آباد۔15نومبر (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کے سرکاری سکولوں کے معیار کو دیکھ کر انتہائی خوشی ہوئی، دنیا کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمیں پورے ملک میں بھی اسی رفتار سے کام کرنا ہو گا۔ جمعہ کو اسلام آباد کالج فار بوائز جی 6/3 میں شروع ہونے والے پاکستان لرننگ فیسٹیول کے دورہ کے موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ انہیں امید نہیں تھی کہ یہ سکول پرائیویٹ سکولوں کی سطح پر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وہ اتنے کم وقت میں وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کی وزارت کی طرف سے سکول کی اپ گریڈیشن سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔ سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ یہ سکول پورے ملک کے بہترین پرائیویٹ سکولوں کے برابر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر تمام سرکاری سکول یہ معیار حاصل کر لیں تو لوگ پرائیویٹ سکولوں میں جانا چھوڑ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات سے عوام کا ریاستی اداروں پر اعتماد بڑھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج قوم کو جن سنگین چیلنجز کا سامنا ہے ان سے نمٹنے کے لیے اس کام کو اسی رفتار سے جاری رکھنا چاہیے

۔وفاقی سیکرٹری وزارت تعلیم محی الدین احمد وانی نے گورنر پنجاب کو بریفنگ دی کہ وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کی وزارت نے فیسٹیول کے ماحول میں ایک نیا سیکھنے کا کلچر متعارف کرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تقریب میں تنظیموں اور افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں سے دو لاکھ سے زائد طلباء کی شرکت متوقع ہے ۔محی الدین وانی نے کہا کہ سیکھنا ہی پاکستان کا مستقبل ہے، یہ فیسٹیول ایک تاریخی واقعہ ہے۔ انہوں نے اسلام آباد میں تعلیمی نظام کو بہتر کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد باقی ملک کے لیے ایک مثال بنے گا۔