اسلام آباد ۔ 12 ستمبر (اے پی پی)اسلام آباد،راولپنڈی، پشاور اور گردونواح سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 5.2 ریکارڈ کی گئی۔ قومی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق جمعرات کو دن تقریبا 2 بج کر 22 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، زلزلہ کا مرکز افغانستان میں ہندوکش کے علاقہ میںتھا اور اس کی گہرائی251 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ ملک کے مختلف شہروں بشمول پشاور، مردان، چارسدہ،صوابی، نوشہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام، مالاکنڈ،بونیر، خیبر، باجوڑ، مہمند، شبقدر، دیربالا، سوات، راولپنڈی، اسلام آباد اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ اس دوران لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ فوری طور پر کسی علاقے سے جانی یا مالی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔