وفاقی سیکرٹری اطلاعات سردار احمد نواز سکھیرا نے پاکستان ٹیلی ویژن کے منیجنگ ڈائریکٹر کی اضافی ذمہ داری سنبھال لی
ادارے میں کسی قسم کی مالیاتی بدعنوانی اور جنسی طورپر ہراساں کئے جانے کو قطعی برداشت نہیں کیا جائے گا، افسران اور عملے کو تحریری ہدایات
اسلام آباد ۔ 12 اپریل (اے پی پی) وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات سردار احمد نواز سکھیرا نے بدھ کو پاکستان ٹیلی ویژن کے منیجنگ ڈائریکٹر کی اضافی ذمہ داری سنبھال لی۔ ذمہ داری سنبھالنے کے بعد پی ٹی وی کے افسران اور عملے کو جاری کردہ تحریری ہدایات میں سردار احمد نواز سکھیرا نے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن ریاستی نشریاتی ادارے کی حیثیت سے قومی ہم آہنگی کے فروغ اور اندرون و بیرون ملک خبروں اور تفریح فراہم کرنے کیلئے نہایت موثر کردار کا حامل ادارہ ہے۔ ایم ڈی پی ٹی وی نے اس امر پر زور دیا کہ ادارے میں کسی قسم کی مالیاتی بدعنوانی برداشت نہیں کی جائے گی اور جنسی طورپر ہراساں کئے جانے کو بھی قطعی برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ادارے کے افسران اور ملازمین سے پی ٹی وی کی موجودہ مالی صورتحال کے پیش نظر اخراجات میں انتہائی احتیاط اور بیجا مصارف سے اجتناب کی توقع رکھتے ہیں، لہٰذا تاحکم ثانی سرکاری اکاﺅنٹس سے سادہ چائے/کافی/گرین ٹی اور بسکٹس کے علاوہ کسی قسم کی ریفریشمنٹ پیش نہیں کی جائے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=50370