صحافیوں کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر دیئے جائیں گے، تمام میڈیا ورکرز کو تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے
وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات سید عمران گردیزی کی راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے وفد سے گفتگو
اسلام آباد ۔ یکم جولائی (اے پی پی)وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات سید عمران گردیزی نے کہا ہے کہ صحافیوں کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر دیئے جائیں گے۔جمعہ کو راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس(آر آئی یو جے)کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات و نشریات نے انہیں یقین دیانی کرائی کہ وزارت صحافی تنظیموں کے رہنماوں کے ساتھ مل کر ان کے تمام مسائل حل کرنے میں تعاون کرے گی۔ آر آئی یو جے کے صدر علی رضا علوی کی قیادت میں وفد نے جمعہ کو سیکرٹری اطلاعات و نشریات سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران بول ٹی وی چینل کے ملازمیں کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی،ویج بورڈ ایوارڈ، میڈیا ورکرز کو تنخواہوں کی ادائیگی اور جرنلسٹس کمیونٹی کو درپیش دیگر مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔