اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد نے کہا ہے کہ خواتین ہماری ملکی آبادی کے نصف سے زائد ہیں، انہیں نظر انداز کرکے ملک ترقی نہیں کر سکتا، حکومت خواتین کو قومی دھارے میں لانے کے عمل کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔
منگل کو خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ خواتین کو نظر انداز کرنے کا مطلب یہ ہے کہ ہم دوسرے ملکوں کی نسبت اپنی آدھی آبادی سے کام لے رہے ہیں اس لئے خواتین نہ صرف ساتھ لے کر چلنا ضروری ہے بلکہ انہیں ایسا بہترین ماحول فراہم کرنے کی ضرورت ہے جس سے وہ قومی دھارے میں شامل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جب میں نے سروس شروع کی تو 185 کے بیج میں ہم صرف 9 خواتین آفیسرز تھیں،
اب جو بیجز آ رہے ہیں اس میں 100 سے زائد خواتین ہوتی ہیں، حکومت چاہتی ہے کہ ملک کی نصف سے زائد آبادی کو ترقی کے عمل میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ خاتون ہونے کے ناطے میں خواتین آفیسرز کی مشکلات کو بخوبی سمجھتی ہوں، خواتین کی نمائندگی ہر سطح پر ہونی چاہئے، خواتین کھیتوں اور گھروں سے لے کر ہر میدان میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں اور اکثر اوقات ان کی صلاحیتوں اور کردار کا اعتراف نہیں کیا جاتا، ا
گر ان کی خدمات کا اعتراف کیا جائے تو ان کی کارکردگی مزید بہتر ہو گی اور ان کی حوصلہ افزائی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے خواتین کو ان کے وراثتی اور دیگر حقوق دلانے اور معاشی طور پر انہیں بااختیار بنانے کیلئے بہت کام کیا ہے۔