وفاقی سیکرٹری پارلیمانی امور حمیرا احمد کی ریٹائرمنٹ پر الوداعی تقریب، وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے ان کی خدمات کو سراہا

36

اسلام آباد۔9جولائی (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری پارلیمانی امور حمیرا احمد کی سروس سے ریٹائرمنٹ کے موقع پر بدھ کو وزارت پارلیمانی امور میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ الوداعی تقریب میں وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے شرکت کی۔

انہوں نے حمیرا احمد کو خصوصی شیلڈ اور گلدستہ پیش کرتے ہوئے ان کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ وزارت کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ حالیہ بجٹ سیشن سمیت تمام اہم پارلیمانی معاملات پر سیکرٹری حمیرا احمد اور وزارت پارلیمانی امور کے دیگر افسران نے قابل تعریف کردار ادا کیا۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ حمیرا احمد جیسے پروفیشنل بیوروکریٹ اس سسٹم میں تبدیلی لا سکتے ہیں۔

الوداعی تقریب میں وزارت پارلیمانی امور کے تمام افسران نے سیکرٹری کو خراج تحسین پیش کیا اور اس موقع پر کیک بھی کاٹا گیا۔ حمیرا احمد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کے ساتھ بہت اچھے ورکنگ ریلیشن رہے، ریٹائرمنٹ پر الوداعی تقریب کے انعقاد پر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور وزارت پارلیمانی امور کے افسران کی مشکور ہوں۔