وفاقی سیکرٹری کامرس یونس ڈھاگہ کی پریس کانفرنس

192

لاہور۔25 جنوری(اے پی پی )وفاقی سیکرٹری کامرس یونس ڈھاگہ نے کہا ہے کہ لاہورمیں 11 سے 14 اپریل کو ٹیکسپونمائش منعقد کی جارہی ہے جس میں بہت سے ممالک کے خریدار شرکت کریں گے‘ چار روزہ نمائش سے نہ صرف ٹیکسٹائل انڈسٹری کو فروغ ملے گا بلکہ ملک میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی‘ان خیالات کا اظہار انہوںنے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے دفتر میں جمعہ کے روز پریس کانفرنس کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ اس نمائش سے ٹیکسٹائل سیکٹرمیں 55 سے 60 فیصد تک ایکسپورٹ میں اضافہ ہوگا اور آنے والے دنوں میں پاکستان کی ایکسپورٹ بہتر ہو جائے گی۔انہوں نے کہاکہ ایکسپورٹ میں بہتری کی وجہ سے 5 فیصد خسارہ بھی کم ہو گا۔انہوں نے کہاکہ اس مرتبہ ٹیکسپو نمائش میں وہ ممالک بھی شرکت کر رہے ہیں جو ماضی میں ہم سے کاٹن نہیں خریدتے کرتے تھے‘ان میں افریقہ ‘سینٹرل ایشیائ‘روس اور جنوبی امریکہ کے ممالک شامل ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چینی کی برآمدات میں حکومت نے ایک ملین ٹن تک کی اجازت دے دی ہے‘جبکہ چاول کی برآمدات میں حکومت نے کوئی ٹیکسز نہیں لگائے۔انہوں نے کہاکہ ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے دفاتر میں ون ونڈو پروگرام شروع ہو گا جس سے گھر بیٹھے ایکسپورٹرز مستفید ہو سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ آلو کی فصل اس مرتبہ ملک بھر میں بہت بہتر ہوئی‘آلو کی قیمت کم ہونے کی وجہ سے کاشتکاروں کو کچھ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے کہاکہ سری لنکا‘افغانستان اور سینٹرل ایشیاءمیں بھی آلو کی قیمتیں نیچے آگئی ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان تجارت چند سو ملین ڈالر ہے جو کہ واہگہ بارڈر اور کراچی کی راستے ہو رہی ہے‘جیسے ہی دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات ہوں گے تو تجارت میں بھی بہتری آجائے گی۔ایک اور سوال کے جوب میں انہوں نے بتایا کہ پاور لومز کے لئے ایسی مشینری متعارف کروائی جارہی ہے جس سے بجلی کی لاگت کم آئے گی اوراس سے زیادہ تر چھوٹے صنعت کار مستفید ہوں گے۔اس موقع پر ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے سیکرٹری صالح احمد فاروقی بھی موجود تھے۔قبل ازیں تاجروں کے وفد نے سیکرٹری کامرس سے ملاقات کی اور حکومت کے تجارتی اقدامات کی تعریف کی اور تاجر برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔وفاقی سیکرٹری نے ان کو یقین دہانی کروائی کہ حکومت تاجر برادری کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہے۔انہوں نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ لاہور میں ہونے والی ٹیکسپو نمائش میں بھرپور شرکت کریں۔اس موقع پر مرکزی چیئرمین ایپٹما عادل بشیر سمیت تاجروں کی نمائندہ تنظیموں کے چیئرمینز نے بھی شرکت کی۔