اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس کے وفاقی سیکرٹری افتخار علی شلوانی سے پاکستان میں انڈونیشیا کے سفیر ایڈم ملاورمن توگیو نے بدھ کو ملاقات کی، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہاں وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس میں ہونے والی ملاقات میں دونوں اطراف نے انڈونیشیا اور پاکستان کے درمیان تاریخ، ثقافت، مذہب اور تعلیم کے میدان میں مماثلت کے بارے میں تبادلہ خیال کیا اور کہا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں تعاون اور شراکت کی بہت گنجائش ہے۔
سیکرٹری ہائوسنگ نے ایڈم ملاورمین کو آئندہ منعقد ہونے والے پہلے بین الاقوامی ہائوسنگ ایکسپو 2022 ء میں شرکت کی دعوت دی جس پر انہوں نے اپنی حمایت اور خوشی کا اظہار کیا اور اپنے ملک کی طرف سے شرکت کی خواہش کا اظہار کیا۔ انڈونیشیا کے سفیر ایڈم ملاورمن توگیو نے حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی پر پاکستان کی حکومت اور عوام سے اپنی گہری ہمدردی کا اظہار کیا اور ملک میں مون سون کی غیر معمولی اور شدید بارشوں سے ہونے والے جانی نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کے ہائوسنگ سیکٹر میں بھی گہری دلچسپی ظاہر کی اور وزارت ہائوسنگ کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔