اسلام آباد۔2مارچ (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری انسداد منشیات اکبر درانی سے ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس میجر جنرل عارف ملک نے ملاقات کی اور عہدہ کا چارج سنبھالنے پر ان کا خیرمقدم کیا۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور سمیت منشیات پر قابو پانے کی کوششوں کو تیز کرنے اور منشیات کی طلب میں کمی کیلئے جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے پر زور دیا گیا۔
وفاقی سیکرٹری نے منشیات سے پاک معاشرے کے بارے میں اپنے وژن پر روشنی ڈالی ۔انہوں نے زور دیا کہ معاشرے کے تمام طبقات کو اس سنگین چیلنج سے نمٹنے کے لئے متحد ہونا چاہئے جو نوجوانوں کی صحت کے لئے شدید خطرہ کا باعث ہے۔
اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ وفاقی حکومت کے وژن کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں اس مسئلہ سے نمٹنا ہوگا جیسے کہ وبائی مرض کووڈ 19 کے دوران این سی او سی کی جانب سے اس مسئلہ سے نمٹا گیا بصورت دیگر سینتھیٹک ڈرگز متعارف ہونے سے اس کے پھیلائو کا رجحان معاشرے کو بالعموم اور نوجوانوں کو بالخصوص ناقابل تلافی نقصان پہنچائے گا۔
سیکرٹری انسداد منشیات نے اس بات پر زور دیا کہ جدید طریقوں کا استعمال اور سوشل میڈیا ایپس کی تیاری سے اس جرم کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔