وفاقی سیکریٹری انسداد منشیات اکبر درانی کا دورہ آسٹریا، منشیات کی پالیسی کے بارے میں عالمی جہتوں سے متعلق پاکستان کا موقف پیش کریں گے

42
وفاقی سیکریٹری انسداد منشیات اکبر درانی کا دورہ آسٹریا، منشیات کی پالیسی کے بارے میں عالمی جہتوں سے متعلق پاکستان کا موقف پیش کریں گے
وفاقی سیکریٹری انسداد منشیات اکبر درانی کا دورہ آسٹریا، منشیات کی پالیسی کے بارے میں عالمی جہتوں سے متعلق پاکستان کا موقف پیش کریں گے

اسلام آباد۔12اپریل (اے پی پی):وفاقی سیکریٹری انسداد منشیات اکبر درانی کمیشن برائے نارکوٹکس ڈرگز کے  64 ویں سالانہ سیشن میں شرکت کے لئے آسٹریا کے شہر ویانا میں حکومت پاکستان کے وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ ایک ہفتہ پر مشتمل اپنے دورہ کے دوران وہ کمیشن برائے نارکوٹکس ڈرگز کے اجلاس میں شرکت کریں گے اور منشیات کی پالیسی کے بارے میں عالمی جہتوں سے متعلق اہمیت کے حامل مختلف امور پر پاکستان کا موقف پیش کریں گے۔ اپنے جغرافیائی محل وقوع کی وجہ سے پاکستان کا کمیشن برائے نارکوٹکس ڈرگز میں اہم کردار ہے اور وہ کمیشن کا طویل عرصہ سے رکن ہے۔

وزارت انسداد منشیات کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پیر کے روز اجلاس کے دوران سیکریٹری وزارت انسداد منشیات نے ملک کا بیانیہ پیش کیا اور رکن ممالک اور عالمی اداروں کے نمائندوں کو پاکستان اور پاکستان سے باہر منشیات کے پھیلائو پر قابو پانے کے لئے وزارت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وبائی مرض کے آزمائشی وقت کے دوران بھی اینٹی نارکوٹکس فورس نے اپنی دیگر معاون ایجنسیوں کے ساتھ مل کر منشیات سمگلنگ کے خلاف موثر اقدامات اٹھائے۔

انہوں نے منشیات کی روک تھام کی کوششوں کے دوران اے این ایف کی قربانیوں کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ منشیات کی طلب میں کمی وزارت اور اے این ایف کی توجہ کا بنیادی مرکز ہے اور منشیات کے مضر اثرات کے خلاف شعور اجاگر کرنے کے لئے مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا گیا ہے۔ اجلاس کے موقع پر وفاقی سیکریٹری انسداد منشیات نے آسٹریا میں پاکستان کے سفیر آفتاب احمد کھوکھر سے بھی ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران سیکریٹری وزارت انسداد منشیات نے منشیات کے خاتمے کے سلسلے میں حکومت پاکستان کے موقف کو کامیابی کے ساتھ پیش کرنے پر آسٹریا میں پاکستان مشن کے کردار کو سراہا۔ توقع ہے کہ سیکریٹری وزارت انسداد منشیات اپنے قیام کے دوران کمیشن برائے نارکوٹکس ڈرگز کے اجلاس میں شرکت کرنے والے مختلف ممالک کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

سیکریٹری وزارت انسداد منشیات کے ہمراہ اے این ایف کے سینئر افسر سید سجیل حیدر بھی موجود ہیں جو اے این ایف ہیڈ کوارٹرز میں انٹرنیشنل کوآپریشن ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ ہیں۔ سیکریٹری نارکوٹکس کنٹرول نے پاکستانی سفارت خانہ کا بھی دورہ کیا اور پاکستانی سفیر آفتاب کھوکھر کے ساتھ ملاقات کی۔