وفاقی سیکریٹری انسداد منشیات اکبر درانی سے فینٹم فائونڈیشن کے سی ای او کی ملاقات

56

اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):وفاقی سیکریٹری انسداد منشیات اکبر درانی سے فینٹیم فائونڈیشن کے سی ای او و کنٹری ہیڈ فیصل سید نے جمعہ کو یہاں وزارت انسداد منشیات میں ملاقات کی۔ وزارت انسداد منشیات کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی سیکریٹری نے اس بات پر گفتگو کی کہ سرگرمیوں کی استعداد اور پیداواریت کو موثر بنانے کے لئے انسداد منشیات مہم میں کس طرح ٹیکنالوجی کو مربوط کیا جا سکتا ہے۔

اکبر درانی نے اس موقف کا اظہار کیا کہ ہمیں عالمی معیار کو اپنانے کی ضرورت ہے تاکہ منشیات کی لعنت سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو محفوظ بنانے کو یقینی بنایا جائے اور منشیات سے پاک معاشرے کا ہدف حاصل کیا جا سکے۔ وفاقی سیکریٹری نے فینٹم فائونڈیشن کی سرگرمیوں میں سافٹ ویئر استعمال کرنے کے حوالے سے کئے جانے والے کام کو سراہا۔ انسداد منشیات مہم اور سرگرمیوں میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی کو شامل کرنے کے امکانات زیر غور ہیں۔ فینٹم فائونڈیشن کے سی ای او فیصل سید کے ہمراہ ڈائریکٹر مارکیٹنگ محمود اعجاز بٹ بھی موجود تھے جنہوں نے اپنی تجاویز پیش کیں۔ وفاقی سیکریٹری نے ان کی تجاویز کا خیرمقدم کیا۔