وفاقی سیکریٹری انسداد منشیات سے برٹش نیشنل کرائم ایجنسی کے کنٹری منیجر کی ملاقات

93

اسلام آباد۔22اپریل (اے پی پی):وفاقی سیکریٹری انسداد منشیات اکبر درانی سے برٹش نیشنل کرائم ایجنسی کے کنٹری منیجر عثمان احمد نے جمعرات کو وزارت انسداد منشیات میں ملاقات کی۔ وزارت انسداد منشیات کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران منشیات کی لعنت سے نمٹنے کے لئے تزویراتی نقطہ نظر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی سیکریٹری نے اس بات پر زور دیا کہ معاشرے سے منشیات کا خاتمہ نسلوں کو تباہی سے بچا سکتا ہے۔ برٹش نیشنل کرائم ایجنسی کے نمائندے نے کہا کہ دنیا سے اس لعنت کے مکمل خاتمہ کے حوالے سے قریبی تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اینٹی نارکوٹکس فورس اور کرائم ایجنسی کا خصوصی تحقیقاتی سیل قریبی ہم آہنگی سے کام کر رہے ہیں۔ وفاقی سیکریٹری اکبر درانی نے پاکستان کے ساتھ برٹش نیشنل کرائم ایجنسی کی دو دہائیوں پر محیط وابستگی اور کام کو سراہا۔

دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ منشیات سے پاک معاشرہ کے مقصد کے حصول کیلئے معلومات کا اشتراک اور تعاون مجموعی حکمت عملی کی تیاری میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ وفاقی سیکریٹری نے کہا کہ منشیات کی غیر قانونی نقل و حمل پر قابو پانے کے لئے معلومات کا تبادلہ اور تعاون نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر سے منشیات کی طلب کو کم کرنے کی حکمت عملی کی تشکیل منشیات کی سپلائی کے مسئلہ پر قابو پانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

برطانوی ایجنسی کے نمائندے نے اس حوالے سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ ملاقات کے اختتام پر سوینئر پیش کئے گئے اور اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ تمام متعلقہ ادارے تعاون کو بہتر بنانے کیلئے کام کریں گے اور معاشرے سے منشیات کے مکمل خاتمہ کی اجتماعی کوششوں میں مل کر کام کریں گے۔