وفاقی محتسب اعجا ز احمد قریشی کا ریجنل آفس کا دورہ،لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کی ہدایت

159
Ejaz Ahmad Qureshi
Ejaz Ahmad Qureshi

لاہور۔19اکتوبر (اے پی پی):وفاقی محتسب اعجا ز احمد قریشی نے جمعرات کے روز ریجنل آفس لاہورکا دورہ کیا جس میں انہوں نے ریجنل ہیڈ ڈاکٹر ارشد محمود سمیت دیگر اعلی افسران سے ملاقات کی۔ریجنل ہیڈ ڈاکٹر ارشد محمود نے وفاقی محتسب کو لاہور آفس کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔وفاقی محتسب نے لاہور آفس کی کارکردگی کو سراہا۔

اس موقع پر وفاقی محتسب نے ہدایات جاری کیں کہ مشکلات میں گھرے ہوئے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ انصاف کی فراہمی میں سہولیات فراہم کی جائیں اور میڈیا کوریج کو بہتر کیا جائے تاکہ لوگوں کو اس ادارے کی کاردگی اور فراہم کردہ سہولیات کے بارے میں علم ہو سکے۔ وفاقی محتسب نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تمام افسران قانون کے دائرہ میں رہتے ہوئے لوگوں کے زیادہ سے زیادہ مسائل حل کریں۔

انہوں نے کہا کہ جن اداروں کی شکایات سب سے زیادہ ہیں اور عملدرآمد کے مرحلے میں کوئی رکاوٹ ہے تو ان اداروں کے سر براہان سے ملاقات کر کے لوگوں کے مسائل کے حل میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے اور وفاقی محتسب کے فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔اس کے علاوہ وفاقی محتسب نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ بیوا خواتین کے پنشن کیسز پر عملدرآمد جلد از جلد کروایا جائے تاکہ ان کے مالی مسائل جلد حل کئے جا سکیں۔