وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت فوزیہ وقار نے فقراز بی بی کو انصاف دلا دیا

57
کام کی جگہ پر ہراسانی ، المیزان انویسٹمنٹ مینجمنٹ کے سینئر افسر پر ہراسانی کے خلاف اپیل خارج

اسلام آباد۔9اپریل (اے پی پی):وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت فوزیہ وقار نے فقراز بی بی کو انصاف دلایا، جن کی خاندانی جائیداد کا انتقال درج کروانے میں 34 سال لگ گئے۔بدھ کو یہاں جاری بیان کے مطابق یہ جائیداد فقراز بی بی کے مرحوم والد نے 34 سال پہلے خریدی تھی اور ان کے نام باقاعدہ رجسٹرڈ سیل ڈیڈ بھی موجود تھی، مگر ریونیو ریکارڈ میں جائیداد کے انتقال (میوٹیشن) کی تصدیق کبھی نہ ہو سکی۔

فقراز بی بی اور ان کے بہن بھائیوں نے کئی بار کوشش کی، مگر ریونیو افسران نے وقت گزرنے اور دفتری رکاوٹوں کا بہانہ بنا کر ہمیشہ درخواست کو رد کر دیا۔تمام اداروں سے مایوس ہو کر فقراز بی بی نے فوسپا سے رجوع کیا۔ فوسپا نے نہ صرف یہ معاملہ سنجیدگی سے لیا بلکہ اسے صرف جائیداد کا تنازع نہیں بلکہ ایک عورت کے وراثتی حق اور قانونی ملکیت کے آئینی حق کی خلاف ورزی بھی قرار دیا۔

مکمل سماعت اور فوسپا کی جانب سے دئیے گئے احکامات کے بعد ریونیو حکام نے تعاون کرتے ہوئے بالآخر جائیداد کے انتقال کی تصدیق کر دی۔ اس فیصلے سے فقراز بی بی اور ان کے خاندان کو 34 سال بعد دیر سے سہی، مگر انصاف مل گیا۔یہ کیس اس بات کی واضح مثال ہے کہ فوسپا خواتین کے جائیداد اور وراثت سے متعلق حقوق کے تحفظ میں کس طرح اہم کردار ادا کر رہا ہے۔