وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت نے خاتون کو جائیداد کاحق دلوا دیا

76
وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت نے خاتون کو جائیداد کاحق دلوا دیا

اسلام آباد۔17اپریل (اے پی پی):وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت (فوسپاہ ) نے خاتون کو اس کی جائیدادکاحق دلوا دیا ۔جمعرات کو وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق خواتین کے جائیداد کے حقوق کے موثر نفاذ اور فوری انصاف کی ایک قابل ذکر مثال میں وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت (فوسپاہ) نے "خواتین کے جائیداد کے حقوق کے نفاذ کا ایکٹ 2020” کے تحت ایک کیس کامیابی سے حل کر لیا جس کے نتیجے میں فہمیدہ بی بی کو ان کی زمین واپس دلا دی گئی۔

فہمیدہ بی بی نے شکایت درج کروائی تھی کہ نیلور گائوں اسلام آباد میں واقع ان کی ملکیتی زمین پر غیر قانونی قبضہ کر رکھا تھا، زمین قانونی طور پر ان کے نام منتقل ہو چکی تھی اور وہ اس کی جائز مالک تھیں لیکن مقامی پولیس کی سطح پر بھی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔

وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت کی مداخلت کے باعث معاملے کو فوری طور پر اٹھایا گیا اور اپریل 2025 تک حکم پر مکمل عملدرآمد کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر آفس اسلام آباد نے رپورٹ جمع کروائی جس میں تصدیق کی گئی کہ زمین کی پیمائش، حد بندی مکمل کر لی گئی ہے اور اس کا قبضہ فہمیدہ بی بی کو واپس دے دیا گیا ہے۔

یہ فوری پیش رفت وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت (فوسپاہ) کی خواتین کے قانونی اور آئینی حقوق، خصوصاً جائیداد کے معاملات میں بلا تاخیر اور پرعزم انداز میں حفاظت کے عزم کو ظاہر کرتی ہے، وہ میدان جہاں خواتین کو تاریخی طور پر شدید رکاوٹوں کا سامنا رہا ہے۔