سرگودھا ۔ 06 مارچ (اے پی پی):وفاقی محتسب سرگودھا کی شاندار کارکردگی 14 شکایت کنندگان کواسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کی طرف سے 92 لاکھ سے زائد کے کلیمز دلوا دیے گئے۔ وفاقی محتسب سرگودھا کے انچارج مشتاق احمد اعوان کی انتھک محنت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کے 14 شکایت کنندگان کو ان کے پالیسی کلیمز کی رقم فراہم کردی گئی۔ ان کلیمز کی مجموعی مالیت تقریباً 92,76,421 روپے بنتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق شکایت کنندگان نے وفاقی محتسب کے دفتر میں درخواستیں دائر کی تھیں کہ اسٹیٹ لائف انشورنس کی جانب سے ان کے واجب الادا کلیمز کی ادائیگی میں تاخیر کی جا رہی ہے۔
انچارج وفاقی محتسب مشتاق احمد اعوان نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کی اور متعلقہ حکام سے رابطہ کیا۔ مسلسل نگرانی اور مؤثر احکامات کے بعد 14 متاثرہ افراد کو ان کے واجب الادا کلیمز کی رقم فراہم کر دی گئی۔شکایت کنندگان نے وفاقی محتسب کی فوری اور مؤثر کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ عوامی مسائل کے حل میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہے اور شہریوں کو بلا تاخیر انصاف فراہم کر رہا ہے۔واضح رہے کہ وفاقی محتسب کا ادارہ عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے موثر اقدامات کر رہا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=569762