
لاہور۔23 جنوری (اے پی پی ) وفاقی محتسب سلمان فاروقی کی زیرصدارت وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے زیر اہتمام خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ملک بھر کی جیلوں میں قید عورتوں اور بچوں کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔سابق وزیر قانون ایس ایم ظفراجلاس کے مہمان خصوصی تھے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی محتسب سلمان فاروقی نے کہا کہ بہت سارے مخیر حضرات قیدیوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں لیکن انہیں اس بات کا اعتماد نہیں ہے کہ ان کی فراہم کردہ امداد قیدیوں کی فلاح کے لئے خرچ بھی ہو پائے گی یانہیں۔ انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات کی طرف سے قیدیوں کی فلاح کےلئے فراہم کردہ فنڈز اور اشیاءکے استعمال کے لئے ایک ڈھانچہ بنانے کی ضرورت ہے تا کہ مخیر حضرات کے ان خدشات کو ختم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسی کمیٹی بنائی جائے جس کے ممبران کسی بھی وقت جیلوں کا معائنہ کر سکیں۔