وفاقی محتسب سیکرٹریٹ مظفرآباد میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے خلاف کی گئی شکایات کے ازالہ کیلئے سماعت

124
Benazir Income Support Program

مظفرآباد۔26فروری (اے پی پی):وفاقی محتسب سیکرٹریٹ مظفرآباد میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے خلاف کی گئی شکایات کے ازالہ کیلئے ریجنل ہیڈ آزادکشمیر منصور قادر ڈار نے شکایات کنندان کی شکایات کی سماعت کی۔

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد بلال بھی موجود تھے ۔کمشنر (آئی آر ڈی)نے 27کیسز کی سماعت کی جن میں سے 04شکایت کنندگان/مستحق افراد کو ریلیف فراہم ہوا جبکہ 05شکایت کنندگان کو دوبارہ سروے کروانے کے حوالہ سے کہا گیا جبکہ 18کیسز جن کا پی ایم ٹی سکورنگ زیادہ تھا کو کچھ ماہ بعد سروے کا کہا گیا جس پر تمام شکایات کنندگان اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے تسلیم کیا۔

اس موقع پر شکایت کنندگان نے آزادکشمیر میں وفاقی محتسب کے نئے سیکرٹریٹ کے قیام پر وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیااور کہا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ عوامی ادارہ ہے جو کہ عوام کو بلاتعطل بغیر کسی وکیل /فیس کے ریلیف فراہم کرتا ہے ۔

علاوہ ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ریجنل ہیڈ آزادکشمیر منصور قادر ڈار نے کہا کہ وفاقی محتسب کے علاقائی دفتر کے قیام کا مقصد آزادکشمیر کے عوام کو بلا معاوضہ ریلیف فراہم کرنا ہے۔آزادکشمیر کے عوام وفاقی اداروں کیخلاف بغیر وکیل و فیس کے اپنی شکایات درج کروا سکتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کے احکامات کی روشنی میں عوام کے مسائل کو حل کروانے اور جلد از جلد انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور محنت اور کوشش جاری رکھیں گے ہر شکایت کا فیصلہ 60دن کے اندر مختصر ترین عرصے میں میرٹ پر کیا جائے گااور اس پراسس کی کوئی فیس نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ شہری وفاقی اداروں جیسا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، نادرا، سٹیٹ بینک ،پی ٹی اے سمیت دیگر وفاقی اداروں کے خلاف شکایات درج کروا سکتے ہیں ۔تمام شہری اپنی شکایات آن لائن اور دفتر میں آکر بذریعہ درخواست بھی کروا سکتے ہیں ۔