وفاقی محتسب فیصل آباد کے ڈی جی لیسکو آفس اوکاڑہ میں 3 دسمبر کو کھلی کچہری کریں گے،ترجمان

112

فیصل آباد۔ 29 نومبر (اے پی پی):وفاقی محتسب علاقائی سیکرٹریٹ فیصل آباد کے ڈائریکٹر جنرل عنایت اللہ دولہ وفاقی اداروں سے متعلق عوامی شکایات سننے کے لیے لیسکوآفس ڈسٹرکٹ کمپلیکس اوکاڑہ میں 03 دسمبر 2024کو کھلی کچہری کا انعقاد کریں گے۔

ترجمان علاقائی محتسب کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پہلے سے رجسٹرڈ کیسز کی سماعت، وفاقی اداروں لیسکو، نادرا، ای او بی آئی، پاسپورٹ، ریلوے اور سوئی گیس کے افسران کی طرف سے وصول ہونے والی رپورٹس پر ہدایات جاری کریں گے ، بعد ازاں عوام کی طرف سے نئی شکایات بھی وصول کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصد وفاقی اداروں سے متعلق عوامی شکایات کا مفت اور فوری ازالہ کرنا اور عوام میں اپنے حقوق کے تحفظ کے متعلق شعور کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے عوام کے نام پیغام میں کہا کہ کسی بھی وفاقی ادارے سے متعلق کوئی مسئلہ در پیش ہو تو بغیر وکیل کے سادہ کاغذ پر درخواست دیں ،وفاقی محتسب کا ادارہ ہمہ وقت آپ کی خدمت، مسائل کے فوری حل اور انصاف آپ کی دہلیز پر فراہم کرنے میں کوشاں ہے۔