اسلام آباد ۔ 22 نومبر (اے پی پی) وفاقی محتسب محمد سلمان فاروقی نے کہا ہے کہ بیرون ملک اسی لاکھ سے زائد پاکستانی دنیا میں پاکستان کے سفیر ہیں‘ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے، پاکستان کو زرمبادلہ ارسال کرنے میں بیرون ملک پاکستانیوں کا بہت بڑا کردار ہے۔ وہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے ایک وفد سے ملا قات میں گفتگوکر رہے تھے۔ وفد میں اوپی سی کے وائس چیئرمین شاہین خالد بٹ‘ کمشنر افضال بھٹی‘ ڈاکٹر جنرل سید جاوید اقبال بخاری‘ ڈائریکٹر راجہ زبیر اور ڈپٹی ڈائریکٹر سہیل رانا شامل تھے۔ میٹنگ میں وفاقی محتسب کے علاوہ سینئر ایڈوائزر حافظ احسان احمدکھوکھر اور سیّد قمر مصطفی سمیت وفاقی محتسب کے افسران نے شرکت کی۔ وفد کو وفاقی محتسب کے کام‘ طریق کار اور خاص طور پر بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی محتسب محمد سلمان فاروقی نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے تمام سرکاری اداروں کو ترجیحی بنیادوں پر اپنا کر دار ادا کرنا چاہئے تاکہ وہ پورے سکون اور لگن کے ساتھ بیرون ملک کام کر کے پاکستان کی خدمت کر سکیں۔