اسلام آباد ۔ 7 دسمبر (اے پی پی) وفاقی محتسب محمد سلمان فاروقی نے کہاہے کہ وفاقی سرکاری ادارے وفاقی محتسب کے فیصلوںکے خلاف صدر مملکت کی جانب سے اپیل مسترد ہونے کی صورت میں کسی اور فورم سے رجوع نہیں کر سکتے اور ان کے پاس وفاقی محتسب کے فیصلے پر عملدرآمد کے سوا کوئی راستہ نہیں۔ وفاقی محتسب اور وفاق ہائے ایوان صنعت و تجارت کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط سے تاجر برادری کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہونگے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب میں فوری انصاف کی فراہمی کیلئے ایک نیا پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا گیا جس کے تحت ہمارے افسران تحصیل ہیڈ کوارٹرز میں خود جا کر 25دن میں شکایات کا فیصلہ کر رہے ہیں ۔وفاقی محتسب نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز فیڈرل ٹیکس محتسب عبدالرﺅف چوہدری ‘ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرﺅف عالم‘نائب صدر ظفر بختاوری کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔اس موقع پر وفاقی محتسب کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔محمد سلمان فاروقی نے کہا کہ وفاقی محتسب کے فیصلوں کے خلاف اپیل صرف صدر پاکستان سے کی جا سکتی ہے ۔صدر پاکستان اکثر محتسب کے فیصلوں کو بحال رکھتے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=32581