وفاقی محتسب کی مداخلت سے بیوہ کو دو سال سے رکی ہوئی امدادی رقم کی ادائیگی

120
وفاقی محتسب کی مداخلت سے بیوہ کو دو سال سے رکی ہوئی امدادی رقم کی ادائیگی

ایبٹ آباد۔ 28 جنوری (اے پی پی):وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کی ہدایت پر اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن نے مانسہرہ کے علاقہ شنکیاری سے تعلق رکھنے والی بیوہ کو دو سال سے رکی ہوئی چار لاکھ روپے کی امدادی رقم ادا کردی۔ بیوہ نے مارچ 2023 میں اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کو اپنے شوہر کی وفات کے بعد معاوضہ کے لیے درخواست دی تھی لیکن طویل عرصے تک داد رسی نہ ہو سکی۔

بیوہ نے وفاقی محتسب کے ریجنل دفتر ایبٹ آباد میں شکایت درج کروائی جس پر مکمل چھان بین کے بعد وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے شکایت دہندہ کے حق میں فیصلہ دیا اور اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کو فوری طور پر معاوضہ جاری کرنے کا حکم دیا۔ حکم پر عمل کرتے ہوئے متعلقہ ادارے نے چار لاکھ روپے کا چیک جاری کیا۔بیوہ نے وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی اور ریجنل آفس ایبٹ آباد کے ڈپٹی رجسٹرار عدنان جدون کا شکریہ ادا کیا جن کی کاوشوں سے مسئلہ حل ہوا۔

وفاقی محتسب ہزارہ ڈویژن کے ایڈوائزر انچارج رشید احمد نے کہا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ عوام کو فوری اور بلا معاوضہ انصاف فراہم کرتا ہے اور وفاقی محکموں میں بدانتظامی کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات کرتا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اپنے مسائل کے حل کے لیے وفاقی محتسب کے ادارے سے رجوع کریں اور انصاف حاصل کریں۔