فیصل آ باد ۔ 19 جون (اے پی پی):وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کی خصوصی ہدایت پر وفاقی محتسب فیصل آباد ریجن کے ڈپٹی رجسٹرار/انویسٹیگیشن آفیسر یاسر شبیر ملک کی سربراہی میں میونسپل کمیٹی آفس پیرمحل میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیاکھلی کچہری میں شہریوں نے مختلف وفاقی اداروں کے خلاف شکایات پیش کیں جنہیں غور سے سنا گیا متعدد شکایات پر موقع پر ہی کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو فوری ازالے کے احکامات جاری کیے گئے اس موقع پر واپڈا
سوئی گیس، نادرا، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، اور دیگر وفاقی اداروں کے مقامی افسران بھی موجود تھے۔ کھلی کچہری کا مقصد عوام کے مسائل کو فوری حل فراہم کرنا اور سرکاری اداروں کی کارکردگی کو مؤثر بنانا تھا۔وفاقی محتسب فیصل آباد کی ٹیم کی اس کارروائی کو شہریوں نے سراہا جبکہ پیرمحل کے سیاسی، سماجی، وکلاء،سول سوسائٹی اور عوامی و صحافتی حلقوں نے اس عوامی ریلیف کے اقدام کو خوش آئند قرار دیا۔عوامی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اس طرح کی کھلی کچہریاں عوام اور اداروں کے درمیان فاصلہ کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور ان سے عوام کا اعتماد بحال ہوتا ہے۔