وفاقی نظامت تعلیمات کے تعلیمی اداروں میں طلباء کی صحت کی صورتحال کے جائزہ کیلئے ہیلتھ کیمپ لگائے جائیں گے، رفعت جبین

91
وفاقی نظامت تعلیمات کے تعلیمی اداروں میں طلباء کی صحت کی صورتحال کے جائزہ کیلئے ہیلتھ کیمپ لگائے جائیں گے، رفعت جبین
وفاقی نظامت تعلیمات کے تعلیمی اداروں میں طلباء کی صحت کی صورتحال کے جائزہ کیلئے ہیلتھ کیمپ لگائے جائیں گے، رفعت جبین

اسلام آباد۔2جنوری (اے پی پی):وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت وزارت صحت کے تعاون سے فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (ایف ڈی ای) کے زیر انتظام کام کرنے والے اداروں میں طلباء کے لئے ہیلتھ کیمپ شروع کر رہی ہے جس کا مقصد طلباء کی صحت کی صورتحال کا جائزہ لینا اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہے۔منگل کو ایف ڈی ای کی ڈائریکٹر اکیڈمک رفعت جبین نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ اس حوالے سے تمام ڈائریکٹر کالجز اینڈ سکولز اور ایریا ایجوکیشن آفیسرز رورل ایریا اسلام آباد کو تعلیمی اداروں میں ہیلتھ کیمپ لگانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ایف ڈی ای نے اس سلسلے میں تمام اداروں کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ وہ 5 جنوری تک اپنے طلباء کا ضروری ڈیٹا مرتب کرکے ہیلتھ کیمپ کی ٹیموں کے ساتھ شیئر کریں ۔انہوں نے کہا کہ اس سرگرمی کا مقصد طلباء کی صحت اور تندرستی کو یقینی بنانا ہے، آئندہ دو ہفتوں میں کیمپوں کا آغاز ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایف ڈی ای نے تعلیمی اداروں کے سربراہان کو خصوصی طور پر ہدایت کی ہے کہ وہ طلباء کو معمول کی تعلیمی سرگرمیوں پر سمجھوتہ کئے بغیر ہیلتھ کیمپوں میں فعال طور پر حصہ لینے کی ترغیب دیں۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی دارالحکومت کے تمام بڑے سرکاری اور نجی ہسپتالوں سے ڈاکٹروں کی ٹیم سکولوں کے بچوں کے چیک اپ کرے گی۔ اس پروگرام کے تحت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی وزارت پہلے ہی آئی سی ٹی کے دائرہ اختیار میں آنے والے سرکاری تعلیمی اداروں کے طلباء میں ‘حفظان صحت کٹس’ تقسیم کر چکی ہے تاکہ ان کی اچھی صحت کو یقینی بنایا جا سکے۔ رفعت جبین نے کہا کہ ڈاکٹر صحت اور حفظان صحت کے امور پر طلباء کی رہنمائی کے لئے بھی مصروف عمل ہیں۔