اسلام آباد ۔ 13 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزارت انسانی حقوق کے زیراہتمام بچوں پر جنسی تشدد اور زیادتی کی روک تھام سے متعلق آگاہی مہم کامیابی سے جاری ہے۔ اس مہم کا مقصد بچوں کو جنسی تشدد کی مختلف اقسام، ان سے بچاو¿ اور جنسی تشدد و زیادتی کی روک تھام بارے آگاہی دینا ہے۔ اس سلسلے میں اسلام آباد کے مختلف کالجوں میں بچوں کو اس موضوع پر خصوصی طور پر تیار کی گئی مختصر دستاویزی فلمیں دکھائی جا رہی ہیں تاکہ وہ جسمانی تشدد کو بہتر اندا ز میں سمجھ سکیں اور اسکے خلاف آواز اٹھا ئیںاس کے علاوہ سرکاری ٹی وی، ریڈیو پر بھی خصوصی پروگرام نشر کئے جا رہے ہیں تاکہ عوام الناس کو اس حوالے سے حساس کیا جاسکے۔ بدھ کو وزارت انسانی حقوق کے ذرائع نے بتایا کہ جنسی تشدد کے واقعات تشویش ناک حد تک بڑھ رہے ہیں جس کی ایک بنیادی وجہ والدین اور بچوں کو آگاہی نہ ہونا ہے۔اکثر اوقات بچوں کو اپنے ہی گھروں میں جنسی تشدد کا سامنا کر نا پڑتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم بچوں پر جنسی تشد د کو ایک اہم مسئلہ سمجھیں اور اسکے متعلق بات کرتے وقت ہچکچانے کی بجائے اپنے بچوں کو آگاہی دیں۔