اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم شہبازشریف کی ہدایت پر وفاقی وزارت تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت نے طلبا کو جدید ٹیکنالوجی سے بہرہ مند کرنے کیلئے اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے 350 سکولوں میں "ایمرجنگ ٹیکنالوجی سینٹرز” قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
وفاقی وزارت تعلیم کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پرایمرجنگ ٹیکنالوجی ایجوکیشن پراجیکٹ کا آغاز کیا جارہاہے ۔پاکستان کو عالمی آئی ٹی ہب میں تبدیل کرنے کی کوشش کے سلسلہ میں وفاقی وزارت تعلیم تاریخی منصوبہ شروع کرنے کے لیے تیار ہے جس کا مقصد سکول کے بچوں کو ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں جدید ترین مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے۔یہ منصوبہ اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور جی بی کے 350 سکولوں میں "ایمرجنگ ٹیکنالوجی سینٹرز” قائم کرے گا، یہ پراجیکٹ پاکستان کو آئی ٹی کی عالمی منزل بنانے اور اپنے اقدام کو مضبوط بنانے کیلئے حکومت کی اسٹریٹجک منصوبہ بندی کا حصہ ہے۔
یہ مراکز ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز جیسے کہ ورچوئل رئیلٹی، مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا اینالیٹکس سے بچوں کو متعارف کرانے کے لیے ذریعہ کے طور پر کام کریں گے اور انہیں اس تیزی سے ڈیجیٹل منظر نامے کے لیے تیار کریں گے جس کا انہیں مستقبل کی کوششوں میں سامنا ہوگا۔اس پراجیکٹ کا مقصد آئی ٹی کے شعبے میں مہارت اور صلاحیت کو فروغ دینا، طلبا کو ڈیجیٹل مستقبل کے لیے تیار کرنا، آئی ٹی کے شعبے میں پاکستان کی برآمدات اور صلاحیت کو بڑھانا اور پاکستان کو آئی ٹی کی عالمی منزل بنانا ہے۔
بیان میں کہا گیاہے کہ ایمرجنگ ٹیکنالوجی مراکز کو دو سہولیات میں تقسیم کیا جائے گا ۔یہ منصوبہ پاکستان کے آئی ٹی منظرنامے میں انقلاب برپا کرنے اور ملک کے نوجوانوں کے روشن مستقبل کی راہ ہموار کرنے کے لیے تیار ہے۔ اس پروجیکٹ کو اعلیٰ تربیت یافتہ 175 ٹیک فیلوز کے ذریعے عمل میں لایا جائے گا ۔