وفاقی وزارت تعلیم کے زیر اہتمام تین روزہ پاکستان لرننگ فیسٹیول آئی سی بی (جی 6/3 )میں شروع ہو گیا

160
Khalid Maqbool Siddiqui
Khalid Maqbool Siddiqui

اسلام آباد۔15نومبر (اے پی پی):وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت اور نیشنل بک فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام تین روزہ پاکستان لرننگ فیسٹیول جمعہ کو اسلام آباد کالج برائے طلبہ( آئی سی بی) جی 6/3 میں شروع ہو گیا۔ وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی فیسٹول کی افتتاحی تقریب کے موقع پر مہمان خصوصی تھے جبکہ وزیر منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال،سیکرٹری تعلیم محی الدین احمد وانی اور وزارت تعلیم کے ذیلی اداروں کے اعلیٰ حکام کے علاوہ اساتذہ اور طلبہ کی ایک بڑی تعداد افتتاحی تقریب میں شرکت تھی۔

وفاقی وزیر تعلیم نے فیسٹیول میں لگائے گئے مختلف سٹالز کا دورہ کیا ،انہوں نے ان میں گہری دلچسپی لی ۔اس موقع پر سیکرٹری تعلیم محی الدین احمد وانی نے وفاقی وزیر کو فیسٹول کے بارے میں بریفنگ دی۔خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ طلبہ کو فیسٹیول میں سیکھنے کا موقع ملے گا, یہ ہمارے مستقبل ہیں۔انہوں نے وزارت اور خاص طور پر سیکرٹری تعلیم کی کاوشوں کو سراتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ پہلی مرتبہ سرکاری سکول کے طلباء کے لیے اس طرح کے ایک بڑے فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا. وزارت تعلیم ملک میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے اور یہ فیسٹیول ان اقدامات کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت ملک میں معیار تعلیم کو فروغ دینے کی خواہ ہیں۔

اس موقع پر سیکرٹری تعلیم محی الدین احمد وانی نے بتایا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا تعلیمی فیسٹیول ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ فیسٹیول عام بچوں کا فیسٹیول ہے اس میں مختلف نوعیت کی سیکھنے کی سرگرمیوں کو شامل کیا گیا ہے محی الدین احمد وانی نے کہا کہ فیسٹیول میں معلومات کے تبادلے، کہانی نویسی،معلوماتی فلموں، کتب میلہ، جدید تکنیکی تربیت اور ٹیکنالوجی کی سرگرمیوں کے علاوہ طلبہ کے دلچسپی کے مختلف سرگرمیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک منفرد نوعیت کا فیسٹیول ہے جس میں ہم نے لرننگ کو ایک میلے کی شکل دے دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیسٹیول کے پہلے روز 20 سے 25 ہزار طلبہ اس میں شرکت کر چکے ہیں اور امید ہے کہ آئندہ تین روز میں تین لاکھ سے زائد طلبہ اس فیسٹیول کا حصہ بنیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ کو قومی سطح کا ایونٹ بنایا جائے گا اور اس طرح کے فیسٹیول کا انعقاد آئندہ بھی کریا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ فیسٹیول میں راولپنڈی اسلام آباد کے علاوہ گلگت بلتستان کے طلباء بھی شریک ہیں جبکہ ایک بیج کراچی کے طلبہ کا بھی اس فیسٹیول میں حصہ لے رہا ہے۔