اسلام آباد ۔ 12 اگست (اے پی پی) وفاقی وزراءخواجہ سعد رفیق اور سینیٹر کامران مائیکل کہا ہے کہ ملک میں بسنے والی تمام اقلیتیں پاکستان کی حفاظت اور ترقی کے لئے متحرک ہیں،وزیرا عظم نوازشریف کا وژن ملک بھر میں اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت اور بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کا فروغ ہے اور ہم اس مقصد کے حصول میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کر یں گے۔ان خیالات کااظہار انہوںنے قومی اقلیتی دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پرتگال کے ناظم امور جاﺅپاﺅلوسبیڈو کوسٹا ، اقلیتی ارکان اسمبلی اور دیگر مذہبی راہنماﺅں نے بھی تقریب سے خطاب کیا اورملکی سلامتی کیلئے دعائیں کی۔ ملک میں بسنے والی تمام اقلیتوں نے بڑی تعداد میں تقریب میں شرکت کرکے ملک سے محبت کا ثبوت پیش کیا۔وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان کو اپنی اقلیتی برادری پر فخر ہے، انہوںنے ملک پر آنے والے ہرمشکل وقت میں ایک محب وطن پاکستانی کی طرح ملک کی خدمت کی ہے۔