26.6 C
Islamabad
بدھ, مئی 14, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزرا مصطفٰی کمال اور سید عمران احمد شاہ کی ملاقات، بین...

وفاقی وزرا مصطفٰی کمال اور سید عمران احمد شاہ کی ملاقات، بین الوزارتی اشتراک سے غریب اور مستحق افراد کو فوری سہولت فراہم کرنے پر اتفاق

- Advertisement -

اسلام آباد۔13مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ اور وفاقی وزیر صحت مصطفٰی کمال کے درمیان منگل کو یہاں ایک اہم ملاقات ہوئی جس میں دونوں وزارتوں کے درمیان فلاحی مقاصد کے لیے تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت تخفیف غربت و سماجی تحفظ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں غریب مریضوں کی بروقت معاونت کے لیے ڈیٹا شیئرنگ کا مربوط نظام متعارف کرانے پر غور کیا گیا تاکہ مستحق افراد کی بہتر نشاندہی اور فوری امداد کو یقینی بنایا جا سکے۔

- Advertisement -

وفاقی وزیر صحت مصطفٰی کمال نے بتایا کہ وزارت صحت کے تحت اسپتالوں کی سہولیات کو بہتر بنایا جا رہا ہے تاکہ نچلے طبقے کے افراد کو معیاری طبی سہولیات میسر آئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس کے لیے تمام اداروں کو باہمی تعاون سے کام کرنا ہو گا۔اس موقع پر وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ نے کہا کہ وزارت تخفیف غربت کے تمام اداروں کو ایک قومی فریم ورک کے تحت منظم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ امدادی نظام کی رسائی اور موثریت کو بہتر بنایا جا سکے۔

مزید برآں وفاقی وزیر نے پاکستان بیت المال کو معذور افراد کے لیے وہیل چیئرز کی خریداری کی ہدایت جاری کی تاکہ معذور افراد کے لیے آسانی پیدا کی جا سکے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ دونوں وزارتوں کے باہمی اشتراک کے ذریعے پاکستان بیت المال کے سہولت ڈیسک کو پمز اور دیگر سرکاری اسپتالوں میں مزید موثر بنایا جائے گا تاکہ مریضوں کو امداد کے حصول میں تاخیر نہ ہو۔

دونوں وزراء نے اپنی ٹیموں کو ہدایت کی کہ وہ مشترکہ ورکنگ پیپر تیار کریں جس میں ان شعبوں کی نشاندہی ہو جہاں دونوں وزارتیں باہمی تعاون سے کام کر سکتی ہیں۔

ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور وفاقی وزیر صحت مصطفٰی کمال نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ اشتراک نچلے طبقے کی زندگی میں مثبت تبدیلی کا باعث بنے گا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=596561

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں