اسلام آباد/کوئٹہ۔6مئی (اے پی پی):وفاقی وزیراسدعمرکی زیرصدارت توانائی منصوبوں سے متعلق اہم اجلاس جمعرات کو یہاں اسلام آباد میں منعقد ہوا اجلاس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی سردار یارمحمدرند ، سیکرٹری پاورڈویژن ودیگراعلیٰ حکام نے شرکت کی ، اجلاس میں بلوچستان سے وزیر اعظم کے معاون خصوصی سردار یار محمد رند نے بلوچستان کے عوام کو درپیش مشکلات اور مسائل پر تفصیلی روشنی ڈالی انہوں نے بتایا کہ بلوچستان میں انڈسٹریز نہ ہونے کے باعث ستر فیصد سے زائد روزگار کا انحصار زراعت اور گلہ بانی پر ہے تاہم غیر معمولی برقی بندش کے باعث بلوچستان میں زرعی شعبہ تباہ حالی سے دوچار ہے اور مقامی افراد کا ذریعہ روزگار متاثر ہونے سے غربت کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے اجلاس میں بلوچستان میں جاری ترقیاتی وتوانائی کے منصوبوں کاتفصیلی جائزہ لیاگیا ۔
وفاقی وزیر اسد عمر خان نے بلوچستان میں جاری توانائی منصوبوں کوجلدمکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں توانائی کے منصوبوں کو ترجیح دی جاررہی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ ان منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ عوام ان سے استفادہ کرسکیں اسد عمر خان نے کہا کہ بلوچستان ہمارے دلوں کے قریب ہے اور ہماری کوشش ہے کہ بلوچستان کے عوام کی مشکلات کا جلد خاتمہ کیا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی سردار یار محمد رند نے بلوچستان کا مقدمہ مدلل طور پر پیش کیا ہے پی ٹی آئی کی حکومت عوام کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کی خواہش مند ہے اور ہماری کوشش ہے کہ دستیاب وسائل میں سے بلوچستان کی ترقی کے لئے بھرپور معاونت کی جائے اسد عمر خان نے سردار یار محمد رند کو تجویز دی کہ وہ بلوچستان میں جاری منصوبوں کا مستقل بنیاد پر جائزہ لیکر آئندہ اجلاس میں پیش رفت سے آگاہ کریں تاکہ ان کی تجاویز کی روشنی میں بلوچستان کے عوام کو درپیش دیرینہ مشکلات کا خاتمہ کیا جاسکے اسد عمر خان نے وفاقی سیکرٹری توانائی کو ہدایت کی کہ وہ بلوچستان سے متعلق مسائل سے آگاہی اور ان کے حل کیلئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی سردار یار محمد رند سے قریبی رابطہ کاری اور مشاورت کو یقینی بنائیں۔