اسلام آباد ۔ 19 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیراطلاعات ونشریات چودھری فواد حسین نے کہاہے کہ حکومت نے ریڈیو پاکستان کو ایک مضبوط اور فعال قومی ادارہ اور ذرائع ابلاغ کا مرکز بنانے کا پختہ عزم کررکھا ہے۔ہفتے کی سہ پہر براڈ کاسٹنگ ہاﺅس ریڈیو پاکستان لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایک کاروباری منصوبے کے تحت ریڈیو پاکستان کی املاک سے استفادہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ریڈیو پاکستان کے مطابق انہوں نے کہاکہ حکومت ریڈیو پاکستان کو خود انحصار ادارہ بنانا چاہتی ہے تاکہ وہ اپنے پاﺅں پر کھڑا ہوسکے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت فنکاروں کی حوصلہ افزائی اور انکی خدمات کا اعتراف کرتی رہے گی کیونکہ وہ ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔فواد چودھری نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کا آرکائیو (Archive)ایک نادر اور قیمتی اثاثہ ہے جس کو مکمل طور پر کمپیوٹرائزڈ کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت ریڈیو پاکستان کے ملازمین کی فلاح وبہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات کریگی۔اس موقع پر فواد چودھری نے براڈکاسٹنگ ہاﺅس لاہور کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کیا۔سٹیشن ڈائریکٹر نزاکت شکیلہ نے وزیراطلاعات کو براڈ کاسٹنگ ہاﺅس کے پروگراموں اور انتظام کے بارے میں بتایا۔