
جہلم ۔ 10 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیراطلاعات ونشریات چوہدری فوادحسین نے کہاکہ پاکستان کی پوری قوم وزیراعظم عمران خان اورافواج پاکستان کے پیچھے کھڑی ہے اورکوئی بھی پاکستان کومیلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، پاکستان امن چاہتا ہے اورامن کیلئے کھڑاہے، امن، استحکام اورترقی کیلئے ہم اپنے عزم پر قائم ہیں، آج امریکی اخبارات کہہ رہے ہیں کہ پاکستان کے وزیراعظم کو امن کا نوبیل انعام ملناچاہئیے، خورشید شاہ کو نوازشریف کی نہیں اپنے جیل جانے کی فکر ہے، اپوزیشن کا ایک ہی ایجنڈاہے کہ ان سے حساب نہ لیا جائے، تحریک انصاف کو چوروں اورڈاکووں سے حساب لینے کیلئے ووٹ ملے ہیں،احتساب کاعمل بلاتفریق اورشفاف انداز میں جاری ہے اور یہ کسی پارٹی یاگروہ سے بالاترہے، صحت اوراحتساب پرسیاست نہیں ہونی چاہئیے، وزیراعظم کی قیادت میں معیشیت، سیاست، تعلیم ، صحت اوردیگرشعبوں کے مسائل پرچھٹکاراپائیں گے۔ اتوارکو جہلم میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے کہاکہ ضلع جہلم شہیدوں اورغازیوں کی سرزمین ہے، یہاں سے تعلق رکھنے والے غازیوں اورشہیدوں نے مادروطن کے دفاع کیلئے شاندار خدمات سرانجام دی ہیں جس پر ہم سب انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔آج اگر نریندرمودی پاکستان سے کانپتا ہے اورآج اگر بھارتی سورما پاکستان سے ڈرتے ہیں تو اس کی وجہ ہمارے شہدا کی قربانیاں اورغازیوں کی ہمت واستقامت ہے جو اپنے لہوسے پاکستان کی حفاظت کررہے ہیں۔وزیراطلاعات نے کہاکہ شہداءنے اپنے خون سے وطن کی حفاظت کی اوریہی قربانیاں ہیں جس کی وجہ سے پورے ملک میں مسلح افواج کوعزت واحترام کی نگاہ سے دیکھا جاتاہے، ہماری افواج کی جرات وعزم کی وجہ سے آج پوری دنیاءمیں بھارت کی جنگ ہنسائی ہورہی ہے اوراس کا مزاق اڑایا جاتا ہے۔ بھارت نے کہاتھا کہ وہ گھس کر مارے گا ، آپ نے گھس کردیکھا کیا ہوا؟ بھارت کبھی بھی پاکستان میں گھس کرنہیں آسکتا، پاکستان میں گھسنا بھارت کی خام خیالی ہے کیونکہ پاکستان کی مسلح افواج پوری طرح سے تیارہیں اورپوری قوم مسلح افواج کی پشت پر کھڑی ہے۔وزیراطلاعات نے کہاکہ پاکستان امن چاہتا ہے اورامن کیلئے کھڑاہے، پاکستان کی فوج امن چاہتی ہے، پاکستان نے پہل اورزیادتی نہیں کی ہے، پاکستان نے ہمشہ بھارت اورپوری دنیاءمیں دہشت گردی کی مذمت کی ہے، پاکستان کا ہمیشہ سے یہ موقف رہاہے کہ دہشت گردی کسی مسئلے کا حل نہیں، وزیراعظم عمران خان نے حلف اٹھانے سے پہلے کہا تھا کہ امن اوراستحکام کیلئے ہندوستان ایک قدم بڑھائے گا تو پاکستان دوقدم آگے بڑھائے گا، یہ پاکستان اورپاکستان کی قوم کاعزم تھا، امن، استحکام اورترقی کیلئے ہم اپنے اس عزم پراب بھی قائم ہیں۔وزیراطلاعات نے کہاکہ امن کے قیام اورخطے میں بڑی جنگ کو روکنے کی کوشش پرانہوں نے وزیراعظم عمران خان کیلئے امن کے نوبیل انعام کی بات کی تھی، الحمدللہ آج امریکی اخبارات کہہ رہے ہیں کہ پاکستان کے وزیراعظم کو امن کا نوبیل انعام ملناچاہئیے کیونکہ ان کی کوششوں سے جنگ کے بادل چھٹ گئے۔انہوں نے کہاکہ اگر وزیراعظم کو یہ انعام ملتا ہے تو یہ پاکستان، پاکستان کے عوام اورپاکستان کی فوج کی عزت ہے، عمران خان پاکستان کے عوام کے منتخب وزیراعظم ہے۔ انہوں نے کہاکہ جن لوگوں نے قومی اسمبلی میں اس پراعتراض کیا ہے انہیں پاکستان کی فوج اورپاکستان کی قوم کا احترام نہیں ہے، پاکستان کی قوم نے ووٹ کے ذریعے عمران خان کوعزت واحترام دیا ہے اوروزیراعظم بھی قوم کو عزت واحترام دے رہے ہیں۔چوہدری فواد حسین نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں آج دنیاءمیں پاکستان کی عزت واحترام ہے، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اورایران اپنے مسائل ایک طرف رکھ کرعمران خان کا احترام کرتے ہیں،عمران خان کی وجہ سے پاکستانیوں کے عزت اوروقارمیں اضافہ ہواہے۔ پاکستان کی پوری قوم وزیراعظم عمران خان اورافواج پاکستان کے پیچھے کھڑی ہے اورکوئی بھی پاکستان کومیلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ایک مشن ہے، یہ ان مسائل سے چھٹکاراپانے کا مشن ہے جو ماضی کی حکومتوں نے چھوڑے ہیں۔ آج اسپتالوں، سڑکوں کیلئے بجٹ نہیں ہے جبکہ ان حکومتوں نے ملکی قرضہ کا حجم 30 ہزارکروڑ روپے تک پہنچا دیا ہے۔جب ان سے ان قرضوں کا پوچھا جاتا ہے تو آگے سے جواب ملتا ہے کہ میں بیمارہوں۔وزیراطلاعات نے کہاکہ آج خورشیدشاہ کہہ رہے تھے کہ اگر نوازشریف کو کچھ ہوا تو پرچہ عمران خان پر کاٹیں گے،خورشید شاہ کو نوازشریف کی نہیں اپنے جیل جانے کی فکر ہے، حکومت اوراپوزیشن کے درمیان کوئی ذاتی جھگڑانہیں ، ہماری ایک لڑائی ہے کہ قوم کو قوم کے پیسے کا حساب دیا جائے، انہوں نے جوکرتوت کئے ہیں وہ قوم کے سامنے ہیں، ہم ان سے کہتے ہیں ”نہ رو، حساب دو“ وہ آگے سے جواب دیتے ہیں ”این آراو“۔ چوہدری فوادحسین نے کہاکہ اپوزیشن کا ایک ہی ایجنڈاہے کہ ان سے حساب نہ لیا جائے، اسمبلی میں ان لوگوں کو کبھی بھی عوامی مسائل پر بات کرتے نہیں سنیں گے، یہ کبھی معیشت اورمہنگائی پر بات نہیں کرتے، جب بھی اجلاس ہوتا ہے یہ لوگ رونا اور ٹسوے بہانا شروع کرتے ہیں۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ پاکستان کے عوام نے ہمیں مینڈیٹ اس لئے نہیں دیا تھاکہ ہم احتساب پر سمجھوتہ کرے، اگر ہم نے احتساب پرسمجھوتہ کیا اوران لوگوں کو رعایت دی تو پھر عوام کا ہاتھ اورہماراگریبان ہوگا، پاکستان تحریک انصاف کو چوروں اورڈاکووں سے حساب لینے کیلئے ووٹ ملے ہیں اوریہ حساب لیاجارہاہے۔انہوں نے کہاکہ احتساب کاعمل بلاتفریق اورشفاف انداز میں جاری ہے اور یہ کسی پارٹی یاگروہ سے بالاترہے، یہ پاکستان کے لوگوں کا حساب ہے جو وہ لے رہے ہیں، انشاءاللہ احتساب کا عمل جاری رہیگا۔چوہدری فواد حسین نے کہاکہ صحت اوراحتساب پرسیاست نہیں ہونی چاہیے، نوازشریف بیمارہے اورحکومت کہہ رہی ہے کہ آپ بتائے کہاں علاج کرنا ہے، باہرسے اگر ڈاکٹربلانا ہے تو ہمیں آگاہ کیا جائے لیکن یہ کیا بات ہوئی نہیں میں نے لندن جاناہے۔ اس سے واضح ہورہاہے کہ یہ علاج نہیں سیاست کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ن لیگ میں ایک دھڑ اہے جواس معاملہ پرسیاست کررہاہے کیونکہ اب ان کے پاس کوئی ایسا ایجنڈانہیں رہا جس پر وہ سیاست کرسکے لیکن پاکستان کے لوگ اس کی اجازت نہیں دیں گے۔وزیراطلاعات نے کہاکہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے ترقی کا سفر شروع کردیا ہے، حکومت مسائل سے چھٹکاراپانے کیلئے آگے بڑھ رہی ہے،وزیراعظم کی قیادت میں جس طرح بھارت کو منہ توڑجواب دیا ہے اسی طرح معیشت، سیاست، تعلیم ، صحت اوردیگرشعبوں کے مسائل پرچھٹکاراپائیں گے اورملک کو بہتری کی طرف گامزن کریں گے۔