اسلام آباد ۔ 6 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیراطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ شدت پسندی صرف پاکستان نہیں بلکہ دیگرملکوں کا بھی مسئلہ ہے،یہ اسلام اورکفرکی لڑائی نہیں اور نہ ہی مذہب کا معاملہ ہے، دھرنے اور احتجاج کے دوران املاک کو نقصان پہنچانے والے 1100 کے قریب افراد کو گرفتار کیا جا چکاہے، ن لیگ کی لیڈر شپ خلا میں جائے گی ،تیل بچا تو واپس آجائیں گے۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ شدت پسندی کا مسئلہ صرف پاکستان نہیں بھارت اور دیگرملکوں کا بھی ہے، یہ لوگ ووٹوں کی وجہ سے آئے دن کوئی نہ کوئی مسئلہ بناتے ہیں، یہ اسلام اورکفرکی لڑائی نہیں ،نہ مذہب کا معاملہ ہے، لا اینڈ آرڈر نہ ہو تو سیاست نہیں ہو سکتی، اس بار سیاسی جماعتوں کی طرف سے پختہ رویہ سامنے آیا، احتجاج اور دھرنوں کے دوران توڑ پھوڑ کرنے اور املاک کو نقصان پہنچانے والے 1100 کے قریب افراد کو گرفتار کیا جا چکاہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی لیڈر شپ خلا میں جائے گی ،تیل بچا تو واپس آجائیں گے۔