
اسلام آباد ۔ 4 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیراطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین سے امریکہ میں سکھوں کی تنظیم سکھ آف امریکہ کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد نے کرتارپور راہداری کھولنے اور سہولیات کی فراہمی کے منصوبے کے افتتاح پرحکومت پاکستان اور وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔ وفد نے کہا کہ پاکستان کے خیرسگالی کے جذبے کے جواب میں نیک تمناؤں کا پیغام لائے ہیں، بابا جی گرنانک کے دربار صاحب تک رسائی سے بڑا کسی سکھ کے لئے کوئی تحفہ نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں کرتارپور راہداری امن و آشتی اور محبت کی راہداری ثابت ہو۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ دیگر مذاہب کا احترام اسلام اور دستور پاکستان کا وعدہ ہے۔