وفاقی وزیراطلاعات چوہدری فواد حسین کا وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کے ہمراہ ریڈیو پاکستان کا دورہ

160
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین کا ٹویٹ

اسلام آباد۔18مئی (اے پی پی):وفاقی وزیراطلاعات چوہدری فواد حسین نے وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کے ہمراہ ریڈیو پاکستان کا دورہ کیا جہاں پر ڈائریکٹرر جنرل ریڈیو پاکستان عنبرین جان کی جانب سے وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین اور وزیر مملکت فرخ حبیب کو ریڈیو کی ورکنگ اور پوڈ کاسٹ پروگرام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کو عصر حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے،دنیا بھر میں ملکی تشخص اور قومی بیانئے کو اجاگر کرنے میں ریڈیو پاکستان کا کلیدی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کو جدید خطوط پر استوار کرنا پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ پوڈ کاسٹ پروگرام کے جلد اجراء کے حوالے سے ریڈیو پاکستان کی انتظامیہ اور محنتی کارکنان کی کاوشوں کو سراہتا ہوں۔

پوڈ کاسٹ پروگرام ریڈیو میں جدت کی علامت بن کر ابھرے گا، ریڈیو کی آوازعام آدمی سمیت رائے عامہ ہموار کرنے والے تجزیہ نگاروں اور معاشرے کے تمام طبقات تک موثر انداز میں پہنچے گی۔ ریڈیو حکام کی وزیر اطلاعات کو ڈی آر ایم منصوبے پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ڈی آر ایم ریڈیو پاکستان کو ٹیکنالوجی کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں ممدو معاون ثابت ہوگا۔ یہ منصوبہ ریڈیو کی آواز کو دور دراز علاقوں تک پہنچانے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ ریڈیو ملازمین، ورکرز اور پنشنرز کے مسائل کا حل ہماری پہلی ترجیح ہے۔پنشنرز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے۔ ریڈیو پاکستان کے ملازمین کو وزیر اعظم کے ہائوسنگ پروگرام میں شامل کرنے کی تجویز زیر غور ہے ۔