کراچی۔12ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیربرائے اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے اتوار کو پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی ) کراچی سینٹرکا دورہ کیا ۔ وفاقی وزیر کی آمد پر جنرل منیجرپی ٹی وی کراچی سینٹرمحمد شجاعت اللہ نے دیگر اسٹاف کے ہمراہ ان کااستقبال کیا ۔
جنرل منیجر پی ٹی وی نے کراچی سینٹر کے مختلف شعبوں کے سربراہان کا وفاقی وزیراطلاعات چوہدری فواد حسین سے تعارف کرایا۔ وفاقی وزیر نے کرچی سینٹر کے شعبہ پروگرامز ، حالات حاضرہ اور نیوز کے سربراہان سے متعلقہ شعبوں کی کارکردگی کے حوالے سے دریافت کیا اور ساتھ ہی ان سے ان کے مسائل بھی معلوم کئے ۔
جنرل منیجر نے وفاقی وزیر کو پروگرامز، حالات حاضرہ ، پی ٹی وی ہوم ، پی ٹی وی نیشنل کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔ انہوں نے پی ٹی وی کو ڈیجٹیلائزکرنے کے حوالے سے وفاقی وزیر کے وژن کو بھی سراہا ۔
بعدازاں وفاقی وزیر اطلاعات نے پی ٹی وی کراچی سینٹر کے نیوز روم ، حالات حاضرہ کے مختلف اسٹوڈیوز ، پی ٹی وی نیشنل سمیت مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور اسٹاف سے بریفنگ لی ۔