وفاقی وزیربرائے بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا نے نوتعمیرشدہ پی ایس بی باکسنگ جیمنازیم کا آن لائن افتتاح کردیا

75

کراچی۔1اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیربرائے بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا نے جمعہ کو پاکستان سپورٹس بورڈ نیشنل کوچنگ سینٹر کراچی میں نوتعمیرشدہ پی ایس بی باکسنگ جیمنازیم کا آن لائن افتتاح کیا۔ تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹرجنرل پی ایس بی کوچنگ سینٹر شاہداسلام و دیگر معززین بھی موجود تھے۔

اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو میں شاہداسلام نے کہا کہ وفاقی حکومت کے مکمل تعاون سے جیمنازیم کی عمارت کی تعمیر پر 133 ملین روپے کی لاگت آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیمنازیم کی عمارت کا افتتاح وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا نے آن لائن کردیا ہے، اب اس میں سب سے پہلے باکسنگ رنگ لگایا جائے گا جس کے بعد یہاں انڈور کھیلوں کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ یہاں کھیلوں کی سرگرمیاں شروع کرنے کے لئے کوشش کی جارہی ہے کہ جلد باکسنگ کیمپ کا انعقاد کیا جائے۔ شاہداسلام نے کہا کہ باکسنگ جیمنازیم کی مسلسل دیکھ بھال کے لئے وفاقی وزیر اور ڈائریکٹر جنرل، پاکستان سپورٹس بورڈ سے کسی افسر کی مستقل طور پر یہاں تعیناتی کے لئے سفارش بھی کروں گا۔