لاہور۔13 جنوری(اے پی پی) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اقلیتوںسے خصوصی محبت رکھتے ہیں، پاکستان میں بسنے والی اقلیتیں بھی پاکستانی ہیں اور ہماری حکومت انکے حقوق کی محافظ ہے ،بابا گورونانک کا 550واں جنم دن منانے کی تیاریاں جاری ہیں جبکہ کرتار پور راہداری کے ترقیاتی کام نومبر سے قبل مکمل ہوجائیں گے، وزیراعظم نے اس سلسلہ میں خصوصی احکامات جاری کر رکھے ہیں ۔یہ باتیں انہوںنے کرتار پور راہداری پر جاری ترقیاتی کاموں اور گوردوارہ کرتار پور صاحب کے دورہ کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ محمد طارق وزیر سابق پردھا ن سردار بشن سنگھ ،پی آر او عامر حسین ہاشمی گیانی گوبند سنگھ ،ایاز حسین و دیگر انکے ہمراہ تھے۔ وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ 30فیصد ترقیاتی کام مکمل ہے جبکہ باقی کام تیزی سے جاری ہے ، وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر مےںانتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ےہاںآیا ہوں۔ کرتار پور ریلوے اسٹیشن کی بحالی اور سڑک کی تعمیر کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوںنے کہا کہ متعلقہ وفاقی وزراءاور اداروں سے اس مسئلہ کے حل کے لیے بات کروں گا، کرتار پورراہداری کے ذریعے خطے میں خوشحالی آئے گی اور پاک بھارت تعلقات میں بہتری کی امید ہے ،بابا گورو نانک کے 550ویں جنم دن کے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں تا کہ سکھ یاتری اسے تاریخی انداز میں منائیں ،حکومت اقلیتوں کے مسائل حل کرنے اور انکی بھر پور فلاح و بہبود کے لیے پر عزم ہے ہم وزیر اعظم عمران خان کے ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے وژن کو کامیاب بنانے کے لیے سر گرم عمل ہیں۔ سیکرٹر ی بورڈ طارق وزیر نے بتایا کہ 550ویں جنم دن کے سلسلہ میں 20نکاتی ترقیاتی پروگرام تیزی سے جاری ہے جس میں نئے کمروں کی تعمیر و دیگر پراجیکٹ شامل ہیں ،سردار بشن سنگھ نے حکومتی اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے پوری سکھ قومی کی جانب سے وزیر اعظم اور وفاقی وزیر کا شکریہ اداکرتے ہوئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا وفاقی وزیر کو چیئرمین بورڈ کی جانب سے قدیمی تلوار وں کا خصوص تحفہ دیا گیا۔ وفاقی وزیر نے جاری ترقیاتی کاموں پر اظہار اطمےنان کیا ۔