اسلام آباد ۔ یکم دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیرتجارت انجینئر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور مختلف شعبوں میں اس کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔ آئندہ برس ٰآذربائیجان کے صدر کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مزید اضافہ کیلئے مختلف شعبوں میں کئی معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔گذشتہ روز یہاں آذربائیجان کی آزادی کی 25 ویں سالگرہ اور پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات کے موضوع پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ سمیت مختلف عالمی فورسز پر آذربائیجان کے ساتھ قریبی طور کام کررہا ہے اور کشمیر سے متعلق رابطہ گروپ پر آذربائیجان کے کردار کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تجارت سمیت مختلف شعبوں میں اپنے تعلقات کو مضبوط بنانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک انرجی پراجیکٹس سمیت مختلف منصوبوں میں ایک دوسرے سے تعاون کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط میں اضافہ کی حوصلہ افزائی کریں گے اور آذربائیجان سمیت خطہ کے ساتھ اپنے روابط میں اضافہ کریں گے۔