وفاقی وزیرجام کمال خان کا بیلاروس کا دورہ، صنعتی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

103
Jam Kamal Khan
Jam Kamal Khan

اسلام آباد۔11فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے بیلاروس کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے اور صنعتی تعاون کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لیا۔

منگل کو وزارت تجارت کے جاری اعلامیہ کے مطابق دورے کے دوران وزیر تجارت نے بیلاروس کے اہم صنعتی مراکز کا دورہ کیا جن میں منسک آٹوموبائل فیکٹری اور منسک ٹریکٹر فیکٹری شامل ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے آٹوموٹیو اور زرعی مشینری کی تیاری میں مشترکہ منصوبوں اور ٹیکنالوجی کے تبادلے کے مواقع پر غور کیا۔منسک آٹو موبائل انڈسٹری کے دورے کے دوران وزیر تجارت جام کمال خان نے جدید پیداواری عمل اور جدید آٹوموٹیو ٹیکنالوجیز کا مشاہدہ کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہیوی وہیکل پروڈکشن میں تعاون پاکستان کے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اور اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے دوطرفہ شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔بعد ازاں منسک ٹریکٹر فیکٹری کے دورے کے دوران وزیر تجارت جام کمال نے جدید ٹریکٹر مینوفیکچرنگ ٹیکنالوجیز کا جائزہ لیا اور زرعی اور صنعتی ترقی کے شعبے میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے پاکستان کے زرعی شعبے میں جدید زرعی مشینری کی اہمیت کو اجاگر کیا اور علمی اشتراک اور مشترکہ منصوبوں کے باہمی فوائد پر زور دیا جو پاکستان کی زرعی پیداوار اور میکانائزیشن میں بہتری کا سبب بن سکتے ہیں۔یہ دورہ پاکستان کی جانب سے بیلاروس کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے جس میں تکنیکی ترقی، صنعتی فروغ اور تجارتی توسیع پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ وزیر تجارت نے مختلف شعبوں میں گہرے تعاون کے عزم کا اعادہ کیا جو طویل مدتی شراکت داری اور اقتصادی ترقی کی راہ ہموار کرے گا۔