16 C
Islamabad
جمعرات, مارچ 13, 2025
ہومزرعی خبریںوفاقی وزیرجام کمال خان کی عمان کے وزیرِ زراعت سے ملاقات، زرعی...

وفاقی وزیرجام کمال خان کی عمان کے وزیرِ زراعت سے ملاقات، زرعی تعاون پر تبادلہ خیال

- Advertisement -

اسلام آباد۔12مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر وزیرِ تجارت جام کمال خان نے پاکستان اور عمان کے درمیان زراعت اور فوڈ سیکیورٹی کے شعبے میں باہمی تعلقات کو مضبوط کرنے کے لیے نے مسقط کی وزارتِ زراعت کا دورہ کیا۔ بدھ کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر عمان کے وزیرِ زراعت، ماہی گیری اور آبی وسائل سعود بن حمود بن احمد الحبیسی نے ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔

وزارتِ زراعت کے تمام شعبہ جات کے سربراہوں کے ساتھ منعقدہ مفصل میٹنگ میں فوڈ سیکیورٹی کے تمام پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس دوران وزیرِ تجارت نے پاکستان کی مضبوط زرعی صلاحیتوں کو اجاگر کیا۔ جام کمال نے کہا کہ پاکستان کی زرعی مہارت اور جدید طریقہ کار بدلتے ہوئے خوراک کی سلامتی کے چیلنجز کا مؤثر حل پیش کر سکتے ہیں۔ عمان کے وزیرِ زراعت سعود بن حمود بن احمد الحبیسی نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان عمان کی خوراک کی ضروریات کو پورا کرنے کا سب سے موزوں اور قابل اعتماد ذریعہ ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے پاکستان کی زرعی صلاحیت کو استعمال کرتے ہوئے عمان کی خوراک کی فراہمی کو مضبوط بنانے اور طویل مدتی استحکام کو یقینی بنانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ملاقات میں سمندری اور ماہی گیری کے شعبوں میں ماہرین کے تبادلے سے حاصل ہونے والے باہمی فوائد پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں فریقین نے زرعی شعبے میں مشترکہ کام کرنے والے منصوبوں کی نشاندہی کی، جس سے دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات میں مزید بہتری کی امید ہے۔ عمان کی جانب سے پاکستانی زرعی اور خوراک پروسیسنگ کمپنیوں کو عمان میں اپنی خدمات کو وسعت دینے کی دعوت بھی دی گئی، جس سے سرمایہ کاری اور تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=571756

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں