اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے منگل کویہاں وزارت خزانہ میں توانائی کے شعبہ میں اصلاحات کے ضمن میں فالواپ اجلاس کی صدارت کی۔وفاقی وزیرپیٹرولیم خرم دستگیرخان، وزیرمملکت برائے خزانہ ڈاکٹرعائشہ غوث پاشا، وزیرمملکت پیٹرولیم مصدق مسعودملک، معاون خصوصی خزانہ طارق باجوہ، سیکرٹری پاور، اوردیگرسینئرافسران نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں متعلقہ وزارتوں کی جانب سے تیل وگیس کے شعبہ میں پیش کردہ قابل عمل تجاویز اورسفارشارت کاجائزہ لیاگیا تاکہ تیل وگیس کے نظام کو موثروفعال بنایاجائے، توانائی کے زیاں کوروکاجاسکے اورعوام کوزیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیاجاسکے۔ مختلف وزارتوں کی جانب سے جوتجاویز اورسفارشات پیش کی گئیں ان میں توانائی کے شعبہ میں پائیداریت پرتوجہ مرکوز کی گئی تھی تاکہ یہ شعبہ ملک میں پائیدارمعاشی نمومیں اپنا کلیدی کرداراداکرسکے۔