جنیوا۔9جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے حالیہ شدیدسیلاب سے پیداہونے والے چیلنجوں سے نمٹنے میں پاکستان کی تکنیکی اورمالی معاونت پرعالمی بینک کا شکریہ اداکیاہے۔وزیرخزانہ نے پیرکوجنیوامیں کلائمٹ ریزیلیئنٹ پاکستان کے موضوع پرہونے والی بین الاقوامی کانفرنس کے سائیڈلائن پرجنوبی ایشیا کیلئے عالمی بینک کے نائب صدرمارٹن ریزرسے ملاقات کی۔
وزیرخزانہ نے عالمی بینک کے نائب صدرکوپاکستان میں حالیہ بدترین سیلاب سے ہونے والے نقصانات اورسیلاب کے بعد تعمیر نو اوربحالی کیلئے کئے جانیوالے اقدامات سے آگاہ کیا۔وزیرخزانہ نے کہاکہ پاکستان سیلاب سے متاثرہ علاقوں اورعوام کی امداد اورتعمیرنووبحالی میں پرعزم ہے۔انہوں نے عالمی بینک کے نائب صدرکو پائیداراقتصادی نمو اور کلی معیشت کے استحکام کیلئے اٹھائے جانیوالے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
وزیرخزانہ نے کہاکہ پائیداراقتصادی نمو، برآمدات میں اضافہ اورملک میں سرمایہ کاری کیلئے اقدامات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔انہوں نے عالمی بینک کے نائب صدر کومختلف شعبوں میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات سے بھی آگاہ کیا۔وزیرخزانہ نے پاکستان کی سماجی اوراقتصادی ترقی میں عالمی بینک کے کردارکی تعریف کی اورکہاکہ عالمی بینک پاکستان کاکلیدی ترقیاتی شراکت دارہے جس نے ہمیشہ مشکل وقت اورحالات میں پاکستان کی معاونت کی ہے۔ عالمی بینک کے نائب صدرنے سیلاب کے بعد تعمیرنواوربحالی کے منصوبوں میں عالمی بینک کے مکمل تعاون کایقین دلایا۔