
اسلام آباد ۔ 16 اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے 19 سال کے بعد ملک میں خانہ و مردم شماری کرانے کا فیصلہ کیا، شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے خانہ و مردم شماری فوج کی نگرانی میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا، مردم شماری و خانہ شماری کا پہلا فیزمکمل کرلیا گیا ہے، دوسرا مر حلہ بھی طے شدہ پروگرام کے تحت کامیابی سے مکمل کیا جائے گا۔جمعہ کو یہاں خانہ و مردم شماری کے پہلے مرحلے کی تکمیل کے بعد صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ مردم شماری 1998 میں مسلم لیگ حکومت نے کرائی ۔اس کے بعد یہ 19 برس کے بعد ہو رہی ہے ۔دنیا بھر میں دس برس بعد مردم شماری کرائی جاتی ہے. گھروں کی گنتی کے بعد 2011 میں اس وقت مردم شماری کو شدید شورو غوغا کے بعد ملتوی کرنا پڑا،,2016 میں مردم شماری کے انعقاد کا سوچا تھا ،,مردم شماری کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنانے کےلئے حکومت نے فیصلہ کیا کہ یہ کام فوج کی نگرانی میں کرایا جائے گا۔