تاشقند۔24فروری (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے جمعہ کو تاشقند میں ازبکستان کے وزیرسرمایہ کاری، صنعت وتجارت لذیذ قدرت سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات دونوں ممالک کے مشترکہ بین الحکومتی کمیشن برائے تجارت،معیشت،سرمایہ کاری،سائنسی وتکنیکی تعاون کے آٹھویں اجلاس کے موقع پرہوئی۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اقتصادی اورتجارتی شعبہ جات میں تعاون کوفروغ دینے کے طریقوں کاجائزہ لیاگیا۔
وزیرخزانہ نے کہاکہ پاکستان اورازبکستان کے درمیان قریبی برادارانہ تعلقات قائم ہے اورپاکستان ازبکستان سمیت وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ تعلقات کوبہت اہمیت دیتاہے۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کی حقیقی استعداد سے فائدہ اٹھانے سے دونوں ممالک کوفائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کوفروغ دینے کی ضرورت پرزوردیا۔