اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سیلاب زدگان کیلئے امدادی اشیاء کی خریداری اور لاجسٹکس کے ضمن میں این ڈی ایم اے کیلئے 10 ارب روپے کی منظوری دیدی۔اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس یہاں وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کی ورچوئل صدارت میں منعقدہوا،اجلاس میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد کیلئے امدادی اشیا کی خریداری کے ضمن میں این ڈی ایم اے کیلئے 10 ارب روپے کی منظوری دی گئی،اجلاس میں وزارت خزانہ کو 5 ارب روپے فوری طورپرجاری کرنے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں وزارت تجارت کی طرف سے پیش کردہ سمری پر18 اگست تک پاکستان پہنچنے والی ممنوعہ درآمدی اشیا کی کھیپ کو جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔اس پر سرچارج کی شرح لاگوہوگی۔اجلاس میں وزارت صحت کوپیراسیٹامول کی قیمتوں کو معقول بنانے اور اس کی فراہمی کویقینی بنانے کیلئے پہلے سے جاری کردہ سمری کو واپس لینے اور نئی سمری پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں گوادرکی بندرگاہ کے ذریعہ گندم درآمد کرنے سے متعلق وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کی سمری مسترد کردی گئی۔