اسلام آباد۔9فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے جمعرات کواسلام آباد میں ترکیہ کے سفارتخانے کا دورہ کیا اور ترکی میں ہونے والے تباہ کن زلزلے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر تعزیتی کتاب میں دلی تعزیت اور ہمدردی کے تاثرات جمع کئے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام تباہ کن زلزلے میں قیمتی جانوں اور املاک کے نقصانات پر غمزدہ ہیں اور مشکل کی اس گھڑی میں ترکیہ کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان باہمی اعتماد، ہم آہنگی اور بھائی چارے کے دیرینہ تعلقات ہیں۔
دونوں ممالک بحران اور مشکل کی گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور عوام آزمائش کی اس گھڑی میں اپنے ترک بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔