وفاقی وزیرخزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کاہفتہ واراجلاس ،صوبوں اورمتعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ضروری اشیا کی قیمتوں کی کڑی نگرانی کی ہدایت

67

اسلام آباد۔22فروری (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے ملک بھرمیں شہریوں کوضروری اشیا مناسب نرخوں پرفراہمی کے حکومتی عزم کااعادہ کرتے ہوئے صوبوں اورمتعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ضروری اشیا کی قیمتوں کی کڑی نگرانی کی ہدایت کی ہے۔ نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کاہفتہ واراجلاس پیرکویہاں وفاقی وزیرخزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت منعقدہوا،اجلاس میں وفاقی وزرا سیدفخرامام، حماداظہر، معاون خصوصی محصولات ڈاکٹروقارمسعود، ممبرمسابقری کمیشن، ممبرپاکستان بیوروبرائے شماریات، ایم ڈی پاسکو، ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن آف پاکستان اوروزارت خزانہ کے سینیئرافسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ہفتہ کے دوران ضروری اشیا بالخصوص آٹا، چینی، بناسپتی گھی، مرغی اورانڈوں کی قیمتوں کے رحجانات کاجائزہ لیا گیا، اجلاس کوبتایا گیا کہ ہفتہ واربنیادوں پرمہنگائی کی شرٖح میں 0.55 فیصدکامعمولی اضافہ ہواہے، 8 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 18کی قیمتوں میں استحکام رہا، وزارت صنعت وپیداوارکے سیکرٹری نے اجلاس کوبتایا کہ اس وقت ملک بھرمیں یوٹیلیٹی سٹورز پر11 ضروری اشیا رعایتی نرخوں پرشہریوں کوفروخت کی جارہی ہے، یوٹیلیٹی سٹورز ملک بھرمیں شہریوں کوعام مارکیٹ کے مقابلہ میں سستے داموں ضروری اشیا کی فراہمی میں اہم کرداراداکررہے ہیں۔ وفاقی وزیرحماداظہرنے کمیٹی کوبتایا کہ وزارت مارکیٹ میں بناسپتی گھی اورکوکنگ آئل کی قیمتوں کی کڑی نگرانی کررہی ہے اورصارفین کومعقول نرخوں پربناسپتی گھی اورکوکنگ آئل کی فراہمی کیلئے اقدامات بھی کئے جارہے ہیں۔وفاقی وزیر نے صوبوں کوجاری سال میں چینی کی طلب سے متعلق تخمینہ جات کی فوری فراہمی کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہاکہ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے 50 ہزارٹن چینی کی درآمد کیلئے پہلے سے انتظامات کرلئے ہیں،یہ چینی صارفین کورعایتی نرخوں پرفراہم کی جائیگی۔وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کے سیکرٹری نے کمیٹی کوملک بھرمیں گندم کے ذخائر کی صورتحال سے آگاہ کیا،اجلاس میں یہ بات نوٹ کی گئی کہ صوبوں میں آٹا کی قیمتوں میں فرق موجود ہے،کمیٹی نے سیکرٹری قومی غذائی تحفظ وتحقیق کوصوبوں کے نمائندوں کے ساتھ رابطہ کاری کی ہدایت کی تاکہ ملک بھرمیں معقول نرخوں پرآٹا کی بلارکاوٹ فراہمی کویقینی بنایاجاسکے۔کمیٹی نے پاکستان بیوروبرائے شماریات کو چیف سیکرٹریز کومختلف مارکیٹوں سے ڈیٹا حاصل کرنے کے طریقہ کاربارے بریفنگ دینے کی بھی ہدایت کی۔ سندھ اورپنجاب کے نمائندوں نے کمیٹی کوبتایا کہ چکن اورانڈوں کی قیمتوں میں اضافہ موسمی عوامل کے باعث ہواہے،کمیٹی نے صوبائی حکومتوں کوانڈوں اورمرغی کی قیمت کی نگرانی اوردونوں اشیا کی بلارکاوٹ فراہمی کیلئے اقدامات کی ہدایت کی۔وفاقی وزیرخزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے ملک بھرمیں شہریوں کوضروری اشیا مناسب نرخوں پرفراہمی کے حکومتی عزم کااعادہ کیا، انہوں نے صوبوں اورمتعلقہ ضلعی انتظامیہ پرزوردیا کہ وہ ضروری اشیا کی قیمتوں کی کڑی نگرانی کویقینی بنائے۔