اسلام آباد۔2جون (اے پی پی): وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات ڈاکٹرمفتاح اسماعیل نے خوردنی تیل کی قیمتوں میں استحکام اورصارفین کواس کی سہل اورہموارفراہمی یقینی بنانے کیلئے ملائشیا اورانڈونیشیا سے خوردنی تیل کی درآمد کے عمل کوتیزکرنے کی ہدایت کی ہے، وزیرخزانہ نے خوردنی تیل کی مقامی پیداوارمیں اضافہ کیلئے اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت کی تاکہ قیمتی زرمبادلہ کو بچایاجاسکے۔ انہوں نے یہ ہدایات جمعرات کویہاں خوردنی تیل کی دستیابی سے متعلق کمیٹی کے اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔
وفاقی وزیرسیدمرتضیٰ محمود، وفاقی وزیرتعلیم وپیشہ وارانہ تربیت رانا تنویرحسین، سیکرٹری صنعت وپیداوار ، چئیرمین ایف بی آر اور دیگرسینئیرآفسران بھی اس موقع پرموجودتھے۔ کمیٹی کوآگاہ کیاگیا کہ ملک میں خوردنی تیل کے وافر ذخائر موجودہیں، اجلاس میں طلب اوررسد کے درمیان خلیج کوکم کرنے اورمستقبل میں خوردنی تیل کی درآمد کی ضروریات کا بھی جائزہ لیاگیا۔
اجلاس میں خوردنی تیل کی درآمد سے زرمبادلہ کے ذخائر پر پڑنے والے اثرکابھی جائزہ لیاگیا۔ اجلاس کوبتایاگیا کہ عالمی منڈیوں میں خوردنی تیل کی قیمت میں اضافہ ہورہاہے جس کے اثرات سے پاکستان بھی بڑی حدتک متاثرہورہاہے۔وفاقی وزیررانا تنویرحسین نے عالمی سطح پررسدمیں رکاوٹوں اورقیمت میں اضافہ کے تناظرمیں کینولا آئل سیڈز کی زیادہ سے زیادہ مقامی پیداوارکے حوالہ سے قابل عمل تجاویز دیں۔
وزیرخزانہ ومحصولات ڈاکٹرمفتاح اسماعیل نے خوردنی تیل کی قیمتوں میں استحکام اورصارفین کواس کی سہل اورہموارفراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ملائشیا اورانڈونیشیا سے خوردنی تیل کی درآمد کے عمل کوتیزکرنے کی ہدایت کی ، انہوں نے خوردنی تیل کی مقامی پیداوارمیں اضافہ کیلئے اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت کی تاکہ قیمتی زرمبادلہ کو بچایاجاسکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=310092