
کوئٹہ۔29دسمبر(اے پی پی) وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ دشمن بلوچستان کو ہدف بناکر ملک کو عدم استحکام کا شکار اور پاک چین اقتصادی راہداری کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، گزشتہ چار سال کے دوران پاک فوج اورقانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے مگر فراردہشت گرد مغربی سرحد سے دوبارہ ملک میں داخل ہوکر دہشت گردی کررہے ہیں، دھرنے یا انتشار کی سیاست کا فائدہ دہشت گردوں کو ہوگا جو بے یقینی پیدا کرنا چاہتے ہیں یہ وقت ٹانگیں کھینچنے کا نہیں بلکہ ہاتھ پکڑ کر ایک دوسرے کا ساتھ دینے کا ہے، دہشت گردانسانیت کے دشمن ہیں بانی قوم قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق پاکستان میں اقلیتوں کو انکے عقیدے کے مطابق مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے ۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو میتھوڈیسٹ چرچ کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امورو بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف ، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری خلیل جارج،آئی جی پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری بھی موجود تھے۔